لندن 3جنوری (آئی این ایس انڈیا)دنیا بھر میں ہلاکت خیز فضائی حادثات میں کمی کے باوجود ان واقعات میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
نیدر لینڈز کی ایک کنسلٹنگ فرم کے مطابق 2020 میں دنیا بھر میں بڑے مسافر طیاروں کے حادثات میں 299 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جب کہ بڑے مسافر طیاروں کے حادثات میں 50 فی صد تک کمی آئی ہے۔
ایوی ایشن کی کنسٹنگ فرم ' ٹو سیونٹی' نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2020 میں 40 حادثات میں بڑے کمرشل مسافر طیاروں کو نقصان پہنچا۔ جن میں سے پانچ حادثات انتہائی ہلاکت خیز تھے جن میں 299 افراد کی موت ہوئی۔ 2019 میں 86 حادثات ہوئے تھے جن میں سے 8 ہلاکت خیز تھے اور ان میں 275 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ٹو سیونٹی کے مطابق بڑے کمرشل طیاروں میں 2020 میں ہلاکت خیز حادثات کی شرح 0.27 فی 10 لاکھ پروازوں کے رہی یعنی ہر 37 لاکھ پروازوں کے بعد ایک حادثہ ہوا۔
طیاروں کے حادثات میں کمی کی ایک وجہ کرونا وائرس کے باعث پروازوں میں کمی بھی قرار دی جا سکتی ہے۔
دنیا بھر میں کمرشل طیاروں کی پروازوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ 'فلائٹ ریڈار 24' کے مطابق 2020 میں کمرشل پروازوں میں 42 فی صد تک کمی آئی۔ جب کی مجموعی طور پر 2 کروڑ 44 لاکھ پروازیں کی گئیں۔
ٹو سیونٹی کے مطابق 2020 میں فضائی حادثات میں ہلاک ہونے والوں میں نصف تعداد تو اس جہاز کے مسافروں کی تھی جو کہ جنوری 2020 میں ایران کی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ یوکرین کے اس طیارے میں 176 مسافر سوار تھے۔
سال کا دوسرا ہلاکت خیز حادثہ پاکستان میں ہوا تھا جب مئی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا طیارہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس حادثے میں 98 مسافروں کی موت ہوئی تھی۔
گزشتہ دو دہائیوں میں فضائی حادثات میں اموات کی شرح میں کمی آئی ہے۔ ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک (اے ایس این) کے مطابق 2005 میں فضائی حادثات میں 1015 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اے ایس این نے مزید واضح کیا ہے کہ گزشتہ پانچ برس میں کمرشل مسافر اور کارگو طیاروں کے حادثات میں اوسطاََ 14 واقعات سالانہ ہوتے رہے ہیں جن میں ہلاک ہونے والے افراد کی سالانہ اوسط 345 رہی ہے۔
فضائی حادثات کے حوالے سے 2017 کو سب سے محفوظ سال قرار دیا جاتا ہے۔ کیوں کہ اس سال دنیا بھر میں صرف دو ہلاکت خیز واقعات ہوئے جن میں 13 افراد کی موت ہوئی تھی۔ جب کہ کوئی بھی مسافر طیارہ کسی ہلاکت خیز سانحے کا شکار نہیں ہوا تھا۔
امریکہ میں فروری 2009 کے بعد کسی مسافر طیارے کو ہلاکت خیز حادثے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔